تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ نے ایران میں پھانسی کی سزا پانے والے ملزمان کے حوالے سے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے گزشتہ سال کے دوران مجموعی طور پر 901 افراد کو پھانسی دی گئی ۔ رپورٹ کے مطابق صرف گزشتہ ماہ کے دوران 40افراد کو پھانسی گھاٹ تک پہنچایا گیا۔ واضح رہے امریکا اور یورپی ملکوں میں ملزمان کو عام طور پر لمبی سزائے قید سنائی جاتی ہے،جب کہ سزائے موت، پھانسی اور سر قلم کرنے کو مغربی دنیا اب ظالمانہ قرار دیتی ہے۔ البتہ دوسرے طریقوں سے انسانوں کو قتل یا ہلاک کرنے کا کئی پہلوؤں سے جواز پیش کرتی ہے۔ اس تناظر میں اقوام متحدہ نے ایران میں سال بھر کے دوران 901 ملزمان کو پھانسی دیے جانے پر تشویش ظاہر کی ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے اپنے بیان میں کہاکہ یہ بہت تکلیف دہ ہے کہ ہم آج بھی ایران میں سزائے موت دینے کے واقعات میں اضافہ دیکھ رہے ہیں۔