امریکا میں برفباری سے نظام معطل، برطانیہ میں پارہ منفی7تک گرگیا

124
مانچسٹر ائرپورٹ پر طوفان کے باعث برف کی تہ جمی ہوئی ہے

واشنگٹن ؍ لند ن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی مشرقی اور جنوبی ریاستوں کو برف کے طوفان کا سامنا ہے جبکہ کنساس سٹی میں برفباری کا 32 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ۔ ٹیکساس سے گلف کوسٹ تک درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ میزوری اور کنساس میں ہونے والے حادثات میں 6 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ واشنگٹن، میری لینڈ، ورجینیا، ویسٹ ورجینیا، کنساس، میسوری، کینٹکی اور آرکنساس میں ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق برف کے طوفان کے باعث 2 لاکھ سے زیادہ افراد بجلی سے محروم ہو گئے جبکہ 2 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ اور 9 ہزار تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ دوسری جانب برطانیہ کے دیگر شہروں کی طرح مانچسٹر میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور شدید سردی کے باعث زرد انتباہ جاری کردیاگیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مانچسٹر میں درجہ حرارت منفی7 تک گر گیا ہے، جس کے سبب 140 اسکول بند کردیے گئے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ بھر میں شدید برفباری کے باعث ٹرینیں منسوخ کردی گئیں اور پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ لیسٹر شائر میں بھی شدید برفباری اور سیلاب کے واقعات سامنے آئے ہیں۔اہم سڑکیں زیرآب آنے سے برطانیہ بھر میں آمدورفت کا عمل متاثر ہورہا ہے، لنکنشائر کے مضافات میں سیلاب کے باعث بچے پرائمری اسکول میں پھنس گئے ۔ سیلاب میں گاڑیاں پھنسنے کے خدشے پر والدین کو اسکول سے بچے نہ لے جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لیسٹرشائرفائر اینڈ ریسکیو سروس نے کئی مقامات پرسیلاب میں پھنسی گاڑیوں کو نکالا ، جبکہ میٹ آفس کی جانب سے کئی مقامات پر الرٹ جاری کردیے گئے ہیں۔