نئی دہلی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی سیکرٹری خارجہ نے طالبان کے عبوری وزیرخارجہ امیرخان متقی سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ افغانستان میں بڑی سرمایہ کاری پر غور کر رہے ہیں۔برطانوی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ بھارت مستقبل قریب میں افغانستان میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے پر غور کر رہا ہے۔بھارت نے طالبان حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات نہ ہونے کے باوجود سرمایہ کاری کا عندیہ دیا
ہے۔دبئی میں بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری اور افغانستان کے عبوری وزیرخارجہ امیرخان متقی کے درمیان ملاقات کے بعد بھارت کی جانب سے یہ اہم بیان جاری کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ افغانستان کی درخواست پر بھارت پہلے مرحلے میں صحت کے شعبے اور مہاجرین کی بحالی کے لیے تعاون کرے گا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارت اب تک افغانستان کو گندم، ادویات، کووڈ ویکسینز اور سردیوں کے کپڑوں کی کئی شپمنٹس بھیج چکا ہے۔