کراچی: وفاقی حکومت نے کراچی سے سکھر موٹروے کی رواں سال تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیرمواصلات عبدالعلیم خان کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کراچی سے سکھر موٹروے کی رواں سال تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیرمواصلات نے کراچی سے سکھر تک موٹروے کی تعمیر شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سندھ حکومت کو بھی اس موٹروے کی تعمیر میں شامل ہونے کی دعوت دیں گے۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھاکہ اس موٹروے کا آغازکراچی پورٹ سے ہوگا، سکھر موٹروے سے منسلک کریں گے، کراچی سے سکھر موٹروے سے نارتھ، ساؤتھ موٹروے کا نیٹ ورک مکمل ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے سکھر موٹروے پروجیکٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے طور پر شروع کیا جاسکتا ہے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میسر نہ ہوئی تو حکومت خود اس موٹروے کا خرچہ اٹھائے گی۔ اگلے 25 سال میں یہ موٹروے حکومت کو 3000 ارب روپے منافع دے گی۔