اسلام آباد: حکومت آئی ایم ایف کو بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس میں کمی کے لیے راضی کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وزارت توانائی کی جانب سے آئی ایم ایف کو بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس کی شرح کم کرنے کے لیے ایک درخواست ارسال کی گئی تھی، تاہم آئی ایم ایف نے اسے مسترد کر دیا۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ موجودہ قرض پروگرام کے تحت کوئی نئی ٹیکس چھوٹ نہیں دی جا سکتی۔آئی ایم ایف کے حکام نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ سیلز ٹیکس میں کمی سے ٹیکس اہداف پورا کرنا مشکل ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ بجلی کے بلوں پر 18 فیصد سیلز ٹیکس دو مختلف مواقع پر عائد کیا جاتا ہے: ایک بار بل کی مجموعی رقم پر اور دوسری بار فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ پر بھی سیلز ٹیکس لگایا جاتا ہے۔