انجمن تاجران بوہرہ بازار کی حیدرآبادپریس کلب عہدیدران کو مبارکباد

140

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) انجمن تاجران بوہرہ بازار صدر حیدرآباد کے صدر معز عباس ،جنرل سیکرٹری ضراراحمد خان ،یوسف دادا، سیدجمیل الرحمن ، رفیق شیخ ،راشد احمد زئی، ظہیر قریشی، شفیع وارثی، عاصم فتح، حاتم یوسف اور کمل ماموں پر مشتمل وفد نے حیدرآباد پریس کلب کے
نومنتخب عہدیداران کو الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر مبارکباد دی اور سیکرٹری حمید الرحمان ،جوائنٹ سیکرٹری مجاہد عزیز شیخ ،ممبر گورننگ باڈی جنید خانزادہ اور دیگر کو اجرک پیش کی اس موقع پر انجمن تاجران بوہرہ بازار کے صدر معز عباس نے کہاکہ تاجربرادری کے مسائل میرٹ پر اجاگر کرنے اور آواز حکام بالا تک پہنچانے میں حیدرآباد پریس کلب اور اس سے وابستہ صحافیوں نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے جس کی وجہ سے تاجربرادری کے مسائل حل کرنے میں بڑی مدد ملی ہے۔جنرل سیکرٹری ضرار احمد خان نے کہاکہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے حوالے سے سندھ بھر میں حیدرآباد پریس کلب کو ہائیڈ پارک کی حیثیت حاصل ہے یہاں ظلم کا شکار لوگ اپنی فریاد لیکر آتے ہیں اور حیدرآباد کی صحافی برادری بلا رنگ و نسل ظلم کے خلاف آواز اٹھاتی ہے جو ان کا خاصہ ہے حیدرآباد پریس کلب کو سندھ ہی نہیں بلکہ پاکستان بھر کے پریس کلبوں میں ایک منفرد اور نمایاں مقام حاصل ہے پریس کلب کے سیکرٹری حمیدالرحمان نے کہا کہ تاجربرادری اور پریس کلب کے درمیان ایک مضبوط رشتہ ہے کاروباری حضرات کی مشکلات کا صحافیوں کو بخوبی اندازہ ہے ان کے مسائل اجاگر کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی پریس کلب حیدرآباد کی تاجربرادری کے ساتھ ہے۔