حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری کی زیر صدارت دربار ہال جامشورو میں 18 سے 20 فروری2025ء تک جاری رہنے والے حضرت لال شہباز قلندرؒ کے سہ روز 773ویں عرس کے انتظامات سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا-اجلاس میں ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر صدیق چھانگا، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف ارشاد علی سموں، ڈائریکٹر کلچر شیر محمد مہر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نور الدین ھنگورجو، ڈائریکٹر سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سہون ڈاکٹر معین الدین صدیقی، انفارمیشن آفیسر عالمگیر رانجھانی، ڈی آئی بی انچارج جامشورو مخدوم عبدالجلیل عباسی، رینجرز، پولیس، اسپیشل برانچ، ثقافت، این ایچ اے، ایریگیشن، اسپورٹس، حیسکو، لوکل گورنمنٹ، سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ عرس کے دوران ذائرین کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی لاکھوں ذائرین کی آمد متوقع ہے جن کی دیکھ بھال ہماری ذمے داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنا کانٹیجنسی پلان تشکیل دے کر ڈی سی آفس جامشورو میں جمع کروائیں ۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے ایس ایس پی جامشورو کو ہدایت کی کہ وہ عرسکے دوران فول پروف سیکورٹی کی فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات کریں جس پر ایس ایس پی محمد ظفر صدیق چھانگا نے اجلاس کو بتایا کہ عرس کے دوران سیکورٹی کے مؤثر اقدامات کئے جائیں گے اور عرس کی نگرانی کیلئے ہمیشہ کی طرح اس سال بھی سی سی ٹی وی، واک تھرو گیٹس کی تنصیب اور دیگر مؤثر اقدامات کئے جائیں گے جبکہ عرس کی نگرانی کیلئے مرکزی کنٹرول بھی قائم کیا جائے گا سیکورٹی کیلئے رینجرز کی خدمات بھی لی جائیں گی جبکہ سادہ لباس میں ملبوس اہلکار بھی عرس کے دوران اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔