ٹنڈومحمد خان،تجاوزات کی بھرمار ،ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا

44

ٹنڈو محمد خان(نمائندہ جسارت)تجاوزات کی بھرمار۔ ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا۔ شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا۔ انتظامیہ نے آنکھیں بند کرلیں۔ شہریوں نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق ٹنڈو محمد خان شہر کی اندرونی شاہراہوں کے دونوں اطراف تجاوزات کی بھرمار کے باعث ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ہے۔ اسکول کی چھٹی کے اوقات میں ٹریفک جام ہونے کے سبب طلبہ و طالبات سخت پریشانی سے دوچار ہیں جبکہ طلبہ و طالبات کا چھٹی کے بعد دیر سے گھر پہنچنا بھی والدین کے لئے ذہنی اذیت کا باعث بن رہاہے۔ گزشتہ کئی سالوں سے تجاوزات کے خلاف مؤثر آپریشن نہ ہونے کے باعث قبضہ مافیا نے پکے تھلے بناکر ٹنڈو محمد خان شہر کی اہم شاہراہ اسٹیشن روڈ، سیرت النبی چوک،مرتضی چوک اور بھٹورو روڈ سمیت دیگر علاقوں میں اپنا قبضہ جمالیا ہے۔ چند روز قبل انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف ایک آپریشن کیا گیا جوکہ ناکام ثابت ہوا اور دکانداروں نے اپنا سامان دوبارہ دوکانوں کے باہر رکھ کر شاہراہوں اور بازاروں کو تنگ کردیا ہے۔ جس کے باعث شہریوں بالخصوص خواتین کو سخت پریشانی کا سامنا اٹھانا پڑرہا ہے۔ جبکہ انتظامیہ نے تجاوزات کی بھرمار۔ ٹریفک جام جیسے مسائل کو حل کرنے کے بجائے اپنی آنکھیں بند کرلی ہیںاور خود کو آفس کے کمروں تک محدود کردیا ہے۔ شہریوں نے ٹنڈو محمد خان کے منتخب نمائندوں، ڈپٹی کمشنرخ اسسٹنٹ کمشنر اور میونسپل کمیٹی کے چیئرمین سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹنڈو محمد خان شہر میں تجاوزات کے خلاف فوری طور پر آپریشن کرائیں تاکہ ٹنڈو محمد خان شہر سے تجاوزات کا خاتمہ ہو سکے اور ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کو کنٹرول کیا جاسکے۔