سکھر(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام بے امنی لاقانونیت کیخلاف 12 جنوری کو سکھر میں منعقد ہونیوالی گرینڈ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے مختلف سیاسی سماجی شخصیات کو دعوت نامے دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری مولانا حزب اللہ جکھرو نے امیر ضلع سکھر زبیر حفیظ شیخ ، عبدالمالک تنیو ،سجاد بھٹو و دیگر کے ہمراہ جامع غوثیہ رضویہ سکھر میں جے یو پی سندھ کے صدر مفتی محمد ابراہیم قادری سے اور ڈسٹرکٹ بار پہنچ کر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سکھر کے صدر سید نوید علی شاہ کو باضابطہ طور پر اے پی سی کے دعوت نامے دیتے ہوئے شرکت کی درخواست کی۔ اس موقع پر ایڈووکٹ سکندر علی جونیجو، ایڈووکیٹ شفقت علی اور عبدالمالک تنیو بھی موجود تھے۔مزید برآں جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے سکھر پریس کلب پہنچ کر صدر پریس کلب آصف ظہیر خان لودھی سمیت دیگر عہدیداران کو اے پی سی کا دعوت نامہ پہنچایا، نائب صدر شہزاد تابانی، احقر شاہ رضوی ،سیفما کے صدر شوکت راہی،صلاح الدین سمیجواورعبدالحمید کمبوہ و دیگر موجود تھے۔