کنری(جسارت نیوز )کنری کی آصف نگر کالونی میں واقع شہر کی عظیم درسگاہ مدرسہ جامعہ خدیجتہ الکبریٰ میں فارغ التحصیل طالبات کی حوصلہ افزائی اور ان کے اعزاز میں سالانہ تقریب ختم بخاری شریف اور روداپوشی کا ایک عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا جس میں علما کرام،مدرسہ کی طالبات کے والدین سمیت خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولﷺ سے کیا گیا،مدرسہ جامعہ خدیجتہ الکبری کے مہتمم محمد ندیم آرائیں نے علماکرام اور آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔اس موقع پر پاکستان کے بزرگ وممتاز عالم دین،شیخ الحدیث مولانا منیر احمد منور نے ختم بخاری شریف کی آخری حدیث بیان کی اور اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فارغ التحصیل طالبات اور ان کے والدین کو اس عظیم سعادت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی یہ بیٹیاں روز قیامت آپ کی بخشش کا سبب بنیں گی۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی کامیابی صرف اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے خواتین اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر اپنی اور اور بچوں کی زندگیاں سنواریں کیونکہ بچوں کی پہلی درسگاہ ماں کی گود ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے عمل اپنائیں کہ زبان ذکر کرنے والی بن جائے اور دل شکر کرنے والا بن جائے کیونکہ سب سے زیادہ نفع دینے والی چیز زبان ہے۔انہوں نے کہا کہ شوہر بیوی اور بیوی شوہر کا لباس ہے بیوی کو ہر حال میں شوہر کی فرمانبرداری کرنی چاہیے بیوی کا اچھا لباس، میک اپ اور زیبائش بازاروں کیلئے نہیں صرف اور صرف اپنے شوہر کیلئے ہونا چاہیے شوہر کا گھر کے اندر اپنے اہل وعیال اور گھر سے باہر اخلاق اچھا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلمان مظلوم و محکوم اور اغیار کے دست نگر اس لئے ہیں کہ ہم نے آج قرآن وسنت کی تعلیمات کو چھوڑ دیا ہے جو قرآن مسلمانوں کو سینے میں ہونا چاہیے تھا ہم نے اس کو غلاف میں لپیٹ کر طاقوں میں سجا دیا ہے جوکہ اس امت کیلئے لمحہ فکر ہے۔مولانا منیر احمد منور نے کہا کہ دینی مدارس بلا شبہ ہدایت کے سرچشمے،اسلام کے مضبوط قلعے اور مینار ہیں جبکہ مدارس امت مسلمہ کی نظریاتی،فکری اور روحانی تربیت کی نرسریاں ہیں جہاں سے علم کی روشنی چار سو پھیلتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے فارغ التحصیل علما اور معلمات نے ہر دور میں فتنوں کی سرکوبی اور کلمتہ اللہ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔تقریب کے اختتام پر ملک وقوم اور امت مسلمہ کی ترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔