ہمیں مزید تنگ کیا گیا تو ہم لڑ بھی سکتے ہیں،محمود خان اچکزئی

106

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے چمن میں ضلع قلعہ عبداللہ اور ضلع چمن کے مشترکہ عوامی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتون بلوچ سندھی کو اس بات پر مجبور نہ کیا جائے کہ وہ یہ کہیں کہ ہم پاکستان میں نہیں رہنا چاہتے، اس وقت پشتونوں کی جو حالت ہے وہ ناقابل بیان ہے، ہمیں مزید تنگ کیا گیا تو ہم لڑ بھی سکتے ہیں لیکن ہم لڑنا نہیں چاہتے، بلوچوں کو بھی جرگوں کے ذریعے اپنے حقوق اور مطالبات منوانے کے لیے آمادہ کرینگے اور مل کر سیاسی جمہوری جدوجہد کرینگے۔ ہم نے جرگوں کا سلسلہ اس لیے شروع کیا ہے کہ اپنے عوام کو ایک دوسرے کی تکالیف اور مشکلات سے آگاہ کرسکیں اپنے قوم کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کا رونا روئیں تاکہ بعد میں سخت فیصلوں کے نتیجے میں کسی کو یہ گلہ نہ رہے کہ ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا یا ہمارے ساتھ صلاح مشورہ نہیں کیا گیا۔ افغانستان کیساتھ پاکستان کے تعلقات بہتر بنانے سے ہماری معاشی حالت کو استحکام مل سکتی ہے پاکستان کو صرف افغانستان کی خود مختاری اور استقلال ماننی پڑے گی۔افغانستان کے طالبان اور پاکستان کے حکمرانوں سے کہتے ہیں کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو درمیان میں گارنٹر بنا کر چین اور افغانستان کے دیگر ہمسایوں کو گارنٹر بنا کر ایک دوسرے کے خلاف اپنی سر زمین کو استعمال نہ کرنے کے خدشات دور کریں عالمی سیکورٹی کونسل امریکا، چین، بر طانیہ، فرانس یہ سب ذمہ داری لے لیں پاکستان کو مہربانی کرنا ہو گی اگر وہ اپنا ملک بچانا چا ہتے ہوں یا خطے میں امن چاہتے ہوں تو افغانستان کے استقلال کو ماننا ہوگا افغانستان ہمارے آباؤ اجداد کا مسکن اور مد فن ہے یہاں سے افغانستان میں مداخلت نہیں ہونی چا ہیے افغانستان کے ساتھ پشتونخوا وطن کے سات راستے ہیں خیبر سے لیکر چمن تک ان ساتوں راستوں پر سات کسٹم ہاؤسز بنائے جائیں اور پشتونوں کو تجارت کرنے دیا جائے کیونکہ پشتون تاریخ میں تاجر رہے ہیں سوائے منشیات واسلحے کے باقی تمام تجارتی سامانوں پر کوئی پابندی نہیں ہونی چاہئے تمام راستوں پر کسٹم ہاوسز بنائے جائیں اور ٹیکس لئے جائیں۔ چمن ماسٹر پلان میں ضلع چمن ضلع قلعہ عبداللہ کاعوامی جرگہ دو روز کے لیے 6و7جنوری 2025 ء تاریخی پشتون قومی جرگے بنوں منعقدہ11تا 14مارچ 2022ء کے اعلامیہ کے نتیجے میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جرگے میں ہزاروں کی تعداد میں چمن، گلستان، قلعہ عبداللہ، توبہ اچکزئی اور ملحقہ علاقوں سے معززین، معتبرین سیاسی وقبائلی رہنماؤں، علمائے کرام نے شرکت کی۔