میرپورخاص،سردی کی شدت میں اضافہ ،بیماریاں پھیلنے لگیں

92

میرپورخاص (نمائندہ جسارت)میرپورخاص گردو نواح میں سردی بڑھتے ہی موسمی بیماریاں تیزی سے پھیلنا شروع ہوچکی ہے زائد عمر کے افراد میں نزلہ زکام کھانسی اور سینے کے انفکشن میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ موسمی حالات اور سخت سردی میں بلا وجہ غیر ضروری سفر سے اجتناب برتا جائے زیادہ تر کم عمر بچے اور اسکول جانے والے بچوں کو والدین گرم کپڑے اور سر کو ڈھانپ کر اسکول بھیجیں۔ طبی ماہرین نے سردی میں شدت میں اضافے کی وجہ سے شہریوں کو یخنی اور گرم سوپ کا استعمال زیادہ کرنا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق میرپورخاص اور گردونواح میں سخت سردی کے دوران اسپتالوں کی ایمرجنسی میں روزانہ 50 سے زائد نمونیہ کھانسی فلو اور نزلے میں مبتلا مریض لائے جارہے ہیں جہاں ڈاکٹرز کے مطابق زیادہ تر ایسے مریض لائے جارہے ہیں جو موٹر سائیکل پر سردی کی احتیاطی تدابیر کا استعمال نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے مختلف انفکشن کا شکار ہوکر آرہے ہیں ۔ڈاکٹروں کے مطابق ایسے مریضوں کو گرم سوپ انڈے اور سردی کو کم کرنے کی ادویات اور احتیاطی تدابیر کے مشورے دیے جارہے ہیں۔ معالجوں کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں فوری طور پر ڈاکٹروں سے رجوع کیا جائے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ سخت سردی میں بچوں کو بائیک پر آگے بیٹھنے سے گریز کیا جائے سخت سردی میں حاملہ خواتین کو زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چاہیے اور چھوٹے بچوں کو مکمل طور پر گرم کپڑے دستانے اور سرکو ڈھانپ کر رکھا جائے۔