محسن نقوی کی ہاکی کیلیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

30

لاہور(اسپورٹس ڈیسک )چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کھیل ہاکی کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے ہاکی کے سابق قومی کھلاڑیوں شہباز سینئر اور خواجہ جنید نے لاہور میں ملاقات کی۔شہباز سینئر اور خواجہ جنید نے چیمپئنز ٹرافی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اصولی موقف کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ اسٹرکچر تیزی سے آپ نے درست کیا ہے، اسی رفتار سے ہاکی کے سسٹم کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں ہاکی کے کھیل کے فروغ کے لیے پائیدار بنیادوں پر اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور پاکستانی ہاکی ٹیم کا ماضی درخشاں تاریخ سے عبارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کی بحالی کے لیے بھرپور تعاون کریں گے۔ملاقات میں شہباز سینئر اور خواجہ جنید نے محسن نقوی کو جرمن اور نیدرلینڈ کے ہاکی کلبز کے دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ مارچ میں جرمن نیشنل جونیئر ہاکی ٹیم کے دورہ پاکستان کی تفصیلات کے بارے میں بھی بتایا۔