کراچی (کامرس رپورٹر) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے منعقد کردہ ویکس نیٹ نمائش کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ترجمان ٹڈاپ نے اے پی پی سے گفتگو میں بتایا کہ سہ روزہ نمائش لاہور ایکسپو سینٹر میں10 جنوری سے 12جنوری تک جاری رہے گی۔ویکس نیٹ نمائش کا مقصد خواتین تاجروں کے ہنر اور صلاحیتوں کواجاگر کرنا اورانہیں معیشت کے دھارے میں شامل کرکے تجارت کو فروغ دینا ہیانہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہنرمند خواتین تاجروں کے ہنر اور کاروبار کو فروغ دینے کے لیے ویکس نیٹ نمائش میں خواتین تاجروں کی مختلف تنظیموں اور اداروں کے علاوہ خواتین کے کئی برانڈز بھی حصہ لے رہے ہیں۔ نمائش میں 200 سے زائد خواتین تاجر اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں۔نمائش میں ٹیکسٹائل، ملبوسات، جوتوں، جیولری، دستکاری، ہربل اسکن کئیر اور گھریلو استعمال کی اشیا کے علاوہ ای کامرس، فرنیچراور خشک میوہ جات ایکسپورٹ کرنے والے کاروبار بھی شامل ہیں۔خواتین میں پیشہ ورانہ مہارت کو فروغ دینے والادارے صنعت زاراور قصرِ بہبود بھی نمائش کے ممتاز شرکا میں شامل ہیں۔تین دن تک جاری رہنے والی ویکس نیٹ نمائش میں شہریوں کو فیملیز کے ہمراہ بھرپور تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے لیے فوڈ کورٹ ، ثقافتی شوز، اور دیگر سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹڈاپ کاروباری خواتین کو بااختیار بنانے اور خواتین کی قیادت میں کاروبار کو فروغ دینے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرتا رہا ہے اورگزشتہ سالوں میں ہونے والی ویکس نیٹ نمائشوں میں پاکستانی کاروباری خواتین کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر پذیرائی اور انہیں مرکزی معیشت کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے اس ایونٹ کی میزبانی کرتا رہا ہے۔