کراچی ( کامرس رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جنید نقی نے کہا ہے کہ دنیا بھر اور خاص طور پر ترقی یافتہ ممالک کومتبادل توانائی نظام سمیت زمینی درجہ حرارت کو کم کرنے والے ترقیاتی منصوبے بنانے ہوں گے۔ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے آگاہی کی اشد ضرورت ہے، جس کے لئے انڈسٹری، میڈیا اور ملک بھر کے نوجوانوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے اشتراک سے منعقدہ “بریتھ پاکستان” کے عنوان سے میٹنگ کے دوران خطاب میں کیا۔اس موقع پر کاٹی کے ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا، سی ای او کائٹ لمیٹڈ زاہد سعید، قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سلیم الزماں، سابق صدر مسعود نقی، زراق پراچہ ،دانش خان، سینئر نائب صدر اعجاز شیخ، نائب صدر طارق حسین کے علاوہ کمشنر کراچی حسن نقوی، ڈپٹی کمشنر کورنگی مسعود بھٹو، نجی ٹی وی چینل کے سی ای او شکیل مسعود، ڈی ایچ اے صفا یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر احمد سعید منہاس، ڈاکٹر ہما بقائی، ایمبیسیڈر (ر) قاضی ایم خلیل اللہ، ذیشان منصور اور دیگر بھی موجود تھے۔ جنید نقی نے مزید کہا کہ پاکستان کا ماحولیاتی آلودگی میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان دنیا میں ماحولیاتی آلودگی سے متاثرہ ممالک میں سرفہرست ہے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ بطورذمہ دار شہری ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم ماحول صاف رکھنے کیلئے اپنا انفرادی کردار ادا کریں تاکہ آنے والی نسل کو بہتر مستقبل فراہم کیا جاسکے۔ تقریب سے کمشنر کراچی حسن نقوی نے کہا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے ذریعے پروجیکٹس سے ملک بھر میں بہترین نتائج مل رہے ہیں، تاہم اس میں مزید اضافہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے پر پلانٹ اور اربن فاریسٹ کیلئے جگہ مختص کی جارہی ہے۔