خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ سوڈان میں 3کروڑ سے زائد جنگ زدہ افراد کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔ ان جنگ زدہ شہریوں کی نصف سے زیادہ تعداد بچوں پر مشتمل ہے۔ سوڈان میں 20 ماہ سے سرکاری فوج اور ریپڈ سپورٹ فورس کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ دونوں طرف کی فورسز کی جنگ میں عوام پس کر رہ گئے ہیں۔ اقوام متحدہ نے سوڈان کے جنگ زدہ لوگوں کے لیے 4.2 ارب ڈالر کی امداد کی اپیل کی ہے۔ یاد رہے جنگ اپریل 2023 ء میں شروع ہوئی تھی، جس کی وجہ سے سوڈان قحط کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ دونوں طرف کے ہزاروں لوگ جنگ میں مارے جا چکے ہیں۔ 80 لاکھ شہریوں کو ملک کے اندر ہی ایک جگہ سے دوسری جگہ پر نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔ 33 لاکھ شہریوں کو سوڈان کی سرحدوں سے باہر فرار ہونا پڑا ہے۔