تبت/ کھٹمنڈو/اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک +نمائندہ جسارت) تبت اور نیپال میں زلزلے کے باعث 100 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چین کے مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح 9 بج کر 5 منٹ پر آیا، زلزلے کے باعث متعدد عمارتیں
گرگئیں، تبت زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کئے گئے۔چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر کے مطابق چین میں زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جس کی گہرائی 10 کلو میٹر بتائی جا رہی ہے، جبکہ زلزلے کا مرکز تبت کا علاقہ ڈنگری تھا۔چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس خطے میں 5 سال کے دوران آنے والا یہ سب سے خطرناک زلزلہ ہے۔رپورٹس کے مطابق زلزلے سے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں بھی عمارتیں لرز گئیں اور کھٹمنڈو میں زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب بھارتی ریاست بہار میں آنے والے زلزلے کی شدت 5.1 رہی، بھارت کے مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح 6 بج کر 40 منٹ پر آیا جس کی شدت سے 5 سے 6 سیکنڈز تک عمارتیں لرزتی رہیں۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ زلزلے بعد ریسکیو ٹیموں کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ادھر پاکستان نے چین اور دیگر علاقوں میں آنے والے زلزلے پر اظہار افسوس کیا ہے۔