کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری)سال2024 بھی ٹیکس دینے والوں میں کراچی ہر بار کی طرح اس بار بھی سر فہرست رہا جہاں سے ایف بی آر نے دو ہزار 522 ارب روپے ٹیکس جمع کیا۔
ایف بی آر کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مالی سال 2023-24 کے دوران جغرافیائی اعتبار سے ٹیکس وصولیوں کی مرتب کردہ رپورٹ میں یہ بتایا ہے کہ ملک کے کون سے شہر نے سب سے زیادہ ٹیکس ادا کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں پہلا نمبر کراچی کا ہے جبکہ ٹیکسوں کی ادائیگیوں کی فہرست میں دوسرا نمبر لاہور اور تیسرے نمبر پر اسلام آباد ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کے لارج ٹیکس آفس نے مجموعی طور پر 2 ہزار 522 ارب روپے سے زائد مالیت کا ٹیکس جمع کیا۔ لارج ٹیکس آفس کراچی نے زیر تبصرہ مدت کے دوران انکم ٹیکس کی مد میں 1 ہزار 360 ارب روپے سے زائد کی وصولیاں کیں جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ایل ٹی او کراچی کی وصولیوں کا حجم 13 کروڑ 63 لاکھ روپے رہا۔
رپورٹ کے مطابق سیلز ٹیکس کی مد میں ایل ٹی او کراچی نے 1 ہزار ارب روپے سے زائد کی وصولیاں کیں۔ ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق ایل ٹی او لاہور نے زیر تبصرہ مدت کے دوران مجموعی طور پر 1 ہزار 402 ارب روپے سے زائد مالیت کے محصولات وصول کیے جبکہ اسلام آباد لارج ٹیکس آفس نے 1 ہزار 164 ارب روپے کا مجموعی ٹیکس جمع کیا۔