کیپ ٹاؤن:قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے جنوبی افریقا کے خلاف تاریخی کارکردگی دکھاتے ہوئے 27 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
جنوبی افریقا میں کیپ ٹاؤن میں جاری ٹیسٹ میچ کی فالو آن اننگز میں شان مسعود نے شاندار 145 رنز بنائے، جو جنوبی افریقا کی سرزمین پر کسی پاکستانی بیٹر کا ٹیسٹ میچ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔
اس سے قبل یہ اعزاز سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کے پاس تھا، جنہوں نے 1998ء میں جوہانسبرگ ٹیسٹ میں 136 رنز بنائے تھے۔
حالیہ ریکارڈ میں شان مسعود نے نہ صرف یہ ریکارڈ اپنے نام کیا بلکہ وہ جنوبی افریقا میں ٹیسٹ سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بھی بن گئے ہیں، جو ان کے کیریئر کا ایک اور اہم سنگ میل ہے۔
یاد رہے کہ شان مسعود کی شاندار اننگز کے باوجود پاکستان کو کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور جنوبی افریقا نے 2میچز کی سیریز میں پاکستان کو کلین سوئپ کیا ہے۔