وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان کے 2 ارب ڈالر کے قرض کو رول اوور کر دیا ہے۔
کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ حال ہی میں رحیم یارخان میں یو اے ای کے صدر سے ملاقات ہوئی، جس دوران دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مستحکم بنانے اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ ملاقات ہمارے تاریخی برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا غماز ہے، جس میں یو اے ای کے صدر نے تیزی سے ترقی کے لئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا اور نائب وزیراعظم کو سرمایہ کاری کے معاملات میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔
انہوں نے انسانی اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے خطرے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ گھناؤنا دھندہ گزشتہ کئی سالوں سے جاری ہے، اور اس کے نتیجے میں پچھلے دو تین برسوں میں سیکڑوں پاکستانی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
شہبازشریف نے کرم ایجنسی میں امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کی مذمت کی اور کہا کہ ڈپٹی کمشنر پر حملہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم ان شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی جو امن کے قیام کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملکی معیشت میں استحکام آ رہا ہے، اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لئے آئی ایم ایف سے بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب تک بجلی کی قیمتیں کم نہیں ہوں گی، صنعت، زراعت اور برآمدات میں ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر گزشتہ ہفتے ایک میٹنگ کی گئی تھی اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لئے مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیکسٹائل کے شعبے اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہمیں اب معیشت کو برآمدات پر مبنی بنانے پر زور دینا ہوگا۔