کراچی:قطر ایئرویز نے پاکستان بھر میں اپنے تمام دفاتر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم کمپنی نے اپنی پروازوں کا شیڈول معمول کے مطابق جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے یہ بڑا اقدام اپنے اخراجات میں کمی کے پیش نظر کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں دفاتر بند ہونے کے بعد کاؤنٹر سیل، ایڈمنسٹریشن، اور فنانس کے شعبے بھی ختم ہو جائیں گے۔
اعلان میں کہا گیا ہے کہ قطر ایئرویز اب ٹکٹوں کی فروخت کے لیے ایجنٹس اور آن لائن پلیٹ فارمز کا استعمال کرے گی۔ اس تبدیلی کے بعد دفاتر سے براہ راست ٹکٹ خریدنے کا آپشن ختم کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انتظامی اخراجات کم کرنے کے لیے دفاتر بند کرنا ناگزیر ہو گیا تھا۔ یہ فیصلہ قطر ایئرویز کی جانب سے اپنی کاروباری حکمت عملی میں تبدیلی کا حصہ ہے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ مسافروں کے لیے پروازوں کا آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا لیکن ٹکٹ خریدنے کے لیے اب آن لائن یا ایجنٹوں کے ذرائع اختیار کرنا ہوں گے۔