حکومت کی پیپلز پارٹی کے تحفظات دُور کرنے  اور  پی پی  کی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی

85

اسلام آباد: پیپلزپارٹی نے وفاق اور پنجاب حکومت کے خلاف اپنی ممکنہ مخالفت سے پیچھے ہٹتے ہوئے حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی قیادت کے درمیان اعلیٰ سطح کے  مذاکرات ہوئے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی کے درمیان ملاقات ایوان صدر میں ہوئی، جس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی شریک تھے۔

ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس اہم ملاقات میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان جاری مذاکرات، پنجاب میں پاور شیئرنگ فارمولے اور پیپلزپارٹی کے تحفظات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا  کہ ن لیگ ہر معاملے میں پیپلزپارٹی کے ساتھ تعاون کو تیار ہے اور ان کے تحفظات دور کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔

پنجاب کے پاور شیئرنگ فارمولے پر ہونے والی گفتگو میں اسحاق ڈار نے یقین دلایا کہ حکومت باقی ماندہ نکات پر بھی گفت و شنید کے لیے تیار ہے۔ ان کی اس یقین دہانی پر بلاول بھٹو نے حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا عندیہ دیا اور مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

واضح رہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب پیپلزپارٹی نے حکومت کی کارکردگی اور بعض فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، تاہم ن لیگ کی جانب سے مؤثر مذاکرات اور وعدوں کے بعد دونوں جماعتوں نے اتحاد کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔