حال ہی میں جاری ہونے والی ایک عالمی رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے حوالے سے افغانستان پاکستان کی نسبت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
دنیا میں صرف افغانستان اور پاکستان ایسے ہیں ممالک جہاں پولیو کے کیسز اب تک رپورٹ ہو رہے ہیں، تاہم افغانستان کی صورتحال پاکستان کے مقابلے میں نسبتاً بہتر نظر آتی ہے۔
گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو کی دستاویزات کے مطابق 26 دسمبر 2024 تک افغانستان میں 25 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے جبکہ پاکستان میں 67 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
پاکستان کے پولیو پروگرام کے ایک سینئر اہلکار نے کہا کہ پاکستان حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور افغانستان کے مقابلے میں پاکستان کا رپورٹنگ سسٹم زیادہ بہتر ہے، جس کے باعث یہ امکان موجود ہے کہ افغانستان میں پولیو کے مزید کیسز رپورٹ نہیں ہو پاتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پولیو کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھاتے ہوئے فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق اور نیشنل کوآرڈینیٹر انوار الحق پر مشتمل ایک نئی ٹیم تشکیل دی ہے، تاکہ اس موذی مرض کے خلاف مزید مؤثر اقدامات اٹھا کر اسے ختم کیا جا سکے۔