اسرائیلیوں پر حملے میں 3 یہود، حماس کے ساتھ جھڑپ میں 2 صہیونی فوجی مارے گئے

207

مقبوضہ بیت المقدس:فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی گاڑیوں پر حملے میں3 یہود مارے گئے اور 8 زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں غزہ میں حماس کے ساتھ ایک جھڑپ میں 2 صہیونی فوجی ہلاک اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں گاڑیوں پر حملہ ایک قصبے میں کیا گیا، جہاں اسرائیلیوں کی ایک کار اور مسافر بس پر گولیاں چلا دی گئیں۔ اس واقعے میں 2 خواتین جن کی عمر 60 سال کے قریب بتائی جاتی ہے ہلاک ہو گئے جب کہ ایک  40 سالہ اسرائیلی بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔

علاوہ ازیں حملے میں زخمیوں کی تعداد 8 بتائی جاتی ہے،جن میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اس حملے کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف دلیرانہ ردعمل قرار دیا تاہم واقعے کی ذمے داری قبول نہیں کی گئی۔

دوسری جانب غزہ کے علاقے بیت حنون میں حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپ میں 2 صہیونی فوجی ہلاک اور 2 شدید زخمی ہو گئے ہیں، جن کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔