اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 6 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 28 جنوری تک توسیع کر دی۔ اسی طرح عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف ایک مقدمے میں بھی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکا نے کی، جس میں بشریٰ بی بی کے وکیل خالد چوہدری نے ان کی حاضری سے استثنا کی درخواست جمع کرائی، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
دریں اثنا عمران خان کے وکیل سلمان صفدر دیگر مصروفیات کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔
بعد ازاں عدالت نے عمران خان کو عبوری ضمانت میں توسیع دیتے ہوئے مزید سماعت 28 جنوری تک ملتوی کر دی جب کہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سماعت کے دوران سنایا نہیں جا سکا۔
عدالت نے فریقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اگلی سماعت پر مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہوں۔