اسلام آباد:حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پر عمل کرتے ہوئے کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایک اور اہم شرط کو پورا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت کیپٹو پاور پلانٹس پر مرحلہ وار لیوی (سیس) عائد کی جائے گی۔یہ فیصلہ آئی ایم ایف کی اگلی قسط کے حصول سے قبل کیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق کیپٹو پاور پلانٹس پر سیس (لیوی) نافذ کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے سیس کو مرحلہ وار لاگو کیا جائے گا۔آئی ایم ایف نے کیپٹو پاور پلانٹس کی گیس کی بندش کے معاملے پر نرمی دکھائی ہے اور امکان ہے کہ جنوری میں ابتدائی طور پر 5 فیصد سیس عائد کیا جائے۔ دوسرے مرحلے میں اس شرح کو 10 فیصد تک بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق کیپٹو انڈسٹری کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمت کو ایل این جی کی قیمت کے برابر لانے کا ارادہ ہے۔ اس اقدام کا مقصد کیپٹو اور دیگر صنعتوں کے درمیان فرق کو ختم کرنا ہے۔