تبت میں زلزلہ: ہلاکتوں کی تعداد 95 تک پہنچ گئی

96

تبت: شگاتسے شہر کے قریب آنے والے شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 95 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 62 افراد زخمی ہیں۔ زلزلے کے شدید جھٹکے نیپال اور بھارت کے کچھ علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

چین کے زلزلہ نیٹ ورکس سینٹر نے زلزلے کی شدت 6.8 اور گہرائی 10 کلومیٹر بتائی جب کہ امریکی جیولوجیکل سروے نے شدت 7.1 ریکارڈ کی۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 5 منٹ پر آیا۔ زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جن میں سب سے شدید جھٹکے 4.4 کی شدت کے تھے۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شگاتسے اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں کئی عمارتیں منہدم ہو گئیں، جس سے ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ علاقوں سے آنے والی تصاویر میں تباہ شدہ مکانات اور عمارتیں واضح طور پر دکھائی دے رہی ہیں۔

زلزلہ زدہ علاقے زیادہ تر دور دراز اور پہاڑی ہیں، جن تک رسائی موسم سرما کے باعث مزید دشوار ہو گئی ہے۔ شدید سردی میں رہائشیوں کو فوری امداد کی ضرورت ہے، لیکن بڑی آبادی والے شہروں سے دوری امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ملک نیپال اور بھارت کے شمالی حصوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ یہ خطہ فالٹ لائن پر واقع ہونے کے باعث زلزلوں کے لیے انتہائی حساس ہے۔