وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں،2025 سیاسی استحکام کا سال ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا کرکٹ لیگ 2025 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے جنگ میڈیا گروپ سمیت تمام سپانسرز کو اس شاندار ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں جیسے مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے، اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں کو انعامات سے نوازا جائے گا، شائقین کو خوبصورت کرکٹ گراﺅنڈ میں بہترین کھیل دیکھنے کو مل رہا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں چیمپئن ٹرافی کا بڑا ایونٹ بھی قریب آ رہا ہے، جس کے انعقاد سے ملک کا عالمی سطح پر تشخص مزید بہتر ہوگا، پاکستان میں ایسے بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی میزبانی کی صلاحیت موجود ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کھیل کے میدان میں متعدد کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور ایس سی او کے کامیاب انعقاد نے دنیا کو یہ دکھا دیا کہ پاکستان بڑے ایونٹس کے انتظامات کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اسٹاک ایکسچینج میں دن بدن ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں ،اڑان پاکستان پروگرام میں کھیلوں کا بھی شامل کیا گیا ہے، 2025 پاکستان کے لئے خوشخبریوں کا سال ثابت ہوگا، اگر ہم متحد ہو کر کام کریں تو پاکستان کی معیشت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ کھیلوں اور سیاست کو ایک دوسرے میں نہیں گھسیٹا جانا چاہئے،تنقید کا دائرہ سیاستدانوں تک محدود رکھیں،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بڑی اصلاحات کی ہیں اور بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صارفین کو سستا ترین انٹرنیٹ فراہم کیا جا رہا ہے اور اس کی رفتار میں بھی غیر معمولی بہتری آئی ہے، دنیا کے کسی ملک میں اتنے سستے اور تیز انٹرنیٹ پیکجز نہیں ہیں جتنے ہمارے ملک میں دستیاب ہیں، اس کے باوجود وی پی اینز کے بارے میں بغیر کسی ثبوت کے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، تنقید ضرور کی جائے مگر پاکستان کا تشخص خراب نہ کیا جائے۔