راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان کو بنی گالہ میں نظر بند کرنے کی پیش کش علی امین گنڈاپور لائے تھے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور ہاؤس اریسٹ کی پیش کش لائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں مذاکرات کرنے والے سنجیدہ نہیں ہیں۔ عمران خان نے 2 واضح مطالبات پیش کیے ہیں، جن میں ایک جوڈیشل کمیشن کا قیام شامل ہے تاکہ 9 مئی کے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہو سکیں۔
علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کسی سینئر جج کی سربراہی میں بنایا جائے تاکہ سب اسے قبول کریں۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے اندرونی معاملات پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اپنے لوگ بھی حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کی بات کرتے ہیں لیکن جمہوریت اور قانون کی بالادستی میں عدلیہ پر اعتماد بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کو جیل میں رکھنے کے بعد اب ہاؤس اریسٹ کی تجویز غیر سنجیدہ معلوم ہوتی ہے۔ علیمہ خان نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کو پہلے دن سے ہی مختلف قسم کی ڈیلز کی پیش کشیں کی جاتی رہی ہیں، لیکن عمران خان نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی اور اصولوں کی سیاست پر زور دیا ہے۔
علیمہ خان نے میڈیا کو بتایا کہ ہر طرف سے ڈیل کی خبریں سنائی دے رہی ہیں لیکن یہ محض افواہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ عدلیہ پر اعتماد اور قانون کی پاسداری کا مطالبہ کیا ہے۔