ضلع نوشہروفیروز میں ڈکیت بے لگام ،دکان پر ڈکیتی

53

پڈعیدن( نمائندہ جسارت) ضلع نوشہروفیروز میں ڈکیت اور چور بے لگام،پیر صادق میں مسلح افراد کی دن دہاڑے دکان پر لاکھوں روپے کی ڈکیتی،دریاخان مری میں چوروں نے چار دکانوں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے نقدی، قیمتی سامان لوٹ لیا،گائوں دائود گن میں چور گھر سے قیمتی بکری ویسر محلہ سے موٹرسائیکل چوری کرکے لے گئے، بڑھتی ہوئی بے امنی پر اہل علاقہ نے نوشہروفیروز مین روڈ پر ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر کے دھرنا دیا،مکین کی تحفظ کی اپیل۔ تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ پیر صادق مین بازار سے دن دہاڑے مبینہ چار مسلح ڈاکوئوں نے دکاندار بابر علی ڈیگیجا راجپر کو یرغمال بناکر لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے،واقعے کے خلاف متاثرین و اہل علاقہ نے پڈعیدن نوشہروفیروز مین روڈ پر ٹائر جلا کر بلاک کردیا اور احتجاج کرتے ہوئے بڑھتی ہوئی بے امنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔واقعے کی اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی جس پر احتجاج ختم کیا گیا۔دوسرے واقعے میں دریاخان مری بائی پاس پر چوروں نے چار افراد کی دکانوں حنیف سیال، نوا علی، عبدالحفیظ اورکاشف مری کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے نقدی قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے،جبکہ گائوں دائود وگن میں نامعلوم چور لال ڈینوں وگن کے گھر سے قیمتی بکری چوری کرکے لے گئے، جبکہ دریاخان مری ویسر محلہ سے انتظار حسین راجپوت کے گھر کے باہر کھڑی موٹرسائیکل چوری کرکے لے گئے۔ بڑھتی ہوئی بے امنی کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ سے تحفظ کی اپیل کی ہے۔