سکھر(نمائندہ جسارت)سول اسپتال سکھر میں مریضوں کو طبی سہولیات نہ ملنے کے خلاف جمعیت علما اسلام سٹی سکھر نے احتجاجی دھرنے کی کال دے دی یہ کال جمعیت علمااسلام سٹی سکھر کے امیر مولانا محمد عابد سندھی نے جے یو آئی سٹی سکھر کے رہنمائوں سے ملاقات کے دوران کیا ، ملاقات میں جے یو آئی سٹی سکھر قاری لیاقت علی مغل ، مفتی قمر الدین ملانو، مولانا محمد رفیق بندھانی ، قاری عبدالوحید مہر ، راشد شیخ ، مولانا عبدالرشید ٹانوری اور طاہر عمر و دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں جے یو آئی رہنمائوں نے انہیں سول اسپتال سکھر کی حالت زار و مریضوں کے ساتھ نارو سلوک و دیگر معاملات سے آگاہ کیا جس پر جے یو آئی سٹی سکھرکے امیر مولانا محمد عابد سندھی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سول اسپتال سکھر میں کروڑوں روپے کی فنڈنگ کے باوجود عوام کو طبی سہولیات ملنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے ، اسپتال میں موجود جدید مشینری جس میں ایم آئی آر ، سٹی اسکین کی مشین دو سالوں سے خراب پڑی ہیں عوام کی شکایات و نشاندہی کے باوجود اسے درست نہیں کیا جارہا ہے ، جو سول اسپتال انتظامیہ کی نااہلی و ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، ایسا لگتا ہے حکومت سندھ سندھ کے عوام کو طبی سہولیات فراہمی کیلئے سنجیدہ نہیں ہے ، غریب عوام اپنے مریضوں کے ٹیسٹ پرائیوٹ اسپتالوں و کلینک سے کرانے پر مجبور دکھائی دیتے ہیں سندھ کے واحد تیسرے بڑے اسپتال کی حالت زار پر سکھر کے منتخب نمائندگان و انتظامیہ نے بھی آنکھیں موند رکھی ہے جو غریب عوام کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔مولانا محمد عابد سندھی کا مزید کہنا تھا کہ سکھر اور اس کے گردونواح سے آنے والے مریض اسپتالوں میں چکر کاٹتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں لیکن انہیں کسی قسم کی طبی سہولیات فراہم نہیں ، ادویات بھی مریضوں کو باہر میڈیکل اسٹوروں سے خریدنی پڑ رہی ہے ، ڈاکٹر اپنی ڈیوٹیاں سرکاری اسپتال کے بجائے پرائیوٹ کلینک پر دے رہے ہیں اور تنخواہیں حکومت سے لے رہے ہیں ۔ انہوں نے سول اسپتال انتظامیہ سمیت سکھر انتظامیہ و منتخب نمائندگان کو متنبہ کیا کہ اگر فوری طور پر سکھر کے واحد سرکاری اسپتال سول اسپتال کی حالت زار کو بہتر بناتے ہوئے عوام کو طبی سہولیات فراہم نہ کی گئیں تو جے یو آئی سٹی سکھر مرحلہ وار احتجاجی تحریک کا اعلان کرے گی اور پہلے مرحلے پر سول اسپتال کے باہر اور دوسرے مرحلے میں سکھر پریس کلب کے سامنے اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔