سکھر: سوشل میڈیا کے غیر مثبت استعمال کیخلاف جرنلسٹس کنونشن کا لائحہ عمل طے

53

سکھر (نمائندہ جسارت) پریس کلب، سکھر یونین آف جرنلسٹس، فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن، سیفما سکھر چیپٹر، کورٹ رپورٹر ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران و ممبران ایگزیکٹو کمیٹی کا افتتاحی تعارفی مشترکہ اجلاس، پریس کلب کے صدر آصف ظہیر خان لودھی، صدر ایس یو جے سلیم سہتو، صدر سیفما شوکت راہی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں انتخابات 2025 میں جرنلسٹس پینل کے سربراہ لالا اسد پٹھان کے نامزد کردہ پریس کلب کی تمام تنظیمی باڈیز کے عہدیداران و ممبران ایگزیکٹو کمیٹی کی بلامقابلہ کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام نومنتخب عہدیداران اپنی ذمہ داریوں کو بطریق احسن سر انجام دے کر اعتماد پر پورا اُتریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 18 جنوری کو سالار صحافت، پی ایف یو جے کے سیکرٹری فنانس کی زیر صدارت آزادی صحافت پر قدغن اور سوشل میڈیا کے غیر مثبت استعمال کیخلاف شہید بے نظیر آباد (نواب شاہ) میں منعقد ہونے والے عظیم الشان جرنلسٹس کنونشن میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔ اس سلسلے میں تیاریوں کا لائحہ عمل طے کیا گیا، مزید برآں پریس کلب کی تعمیر و ترقی کے کاموں کے فروغ کے حوالے سے بھی فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں پریس کلب یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹریز امداد بوذدار سمیت دیگر شریک تھے۔