اسلام آباد (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ خطہ میں معاشی استحکام کیلیے پاکستان،بنگلہ دیش کی قیادت سر جوڑے، بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس کو دورہ پاکستان کی دعوت دینی چاہیے، ڈاکٹر محمد یونس کو دورہ پاکستان سے ماضی کی تلخیاں بھلانے میں مدد ملے گی، مسلم لیگ ڈاکٹر یونس کے دورہ پاکستان پر پرتپاک استقبال کیلیے تیار ہے۔ ایک بیان میں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ 53 سال قبل ہم سے ہمارا بھائی جدا کیا گیا، پاکستان دوست شخصیات کو مسلسل مصائب اور تکالیف کا نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان اور بنگلا دیش کے عوام میں محبت کا رشتہ ہے جسے بھارت کی دخل اندازی نے نقصان پہنچایا تھا۔ دونوں برادر ملک ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھیں اس سے عوام میں قربتیں بڑھیں گی ‘دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اورباہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسیع اور گہرا کرنے کی ضرورت ہے۔