لاہور(نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد کی بارھویں برسی کے موقع پر عظیم قائد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قاضی حسین احمد امت مسلمہ کے عظیم لیڈر تھے ‘ جنہوں نے قوم کو خودی اور خود داری کا نہ صرف درس دیا بلکہ خود عملی نمونہ بن کر دکھایا ‘ قاضی حسین احمد نے جماعت اسلامی کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور سیاست میں عملی کردار کو مستحکم بنانے کے لیے ان تھک جدوجہد کی ‘ مرحوم ارکان و کارکنان کے علاوہ عوام میں مقبول ترین اور پسندیدہ رہنما تھے ‘ آپ کی سیاسی بصیرت نے نہ صرف جماعت اسلامی کو پارلیمنٹ میں با اثر بنایا بلکہ اپنی کامیاب خارجہ حکمت عملی کے باعث بیرونی دنیا میں بھی ہر دلعزیز لیڈر کے طور پر مقبول تھے ۔ انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمد کی حکمت عملیوں کی بدولت اتحاد امت کا شعور پروان چڑھا اور شام سے افغانستان تک ، اور کشمیر سے فلسطین تک امت مسلمہ کی تمام تحریکوں میں بیداری کی لہر پروان چڑھی اور مسلمان ایک دوسرے کے دکھ درد کو محسوس کرنے لگے ۔ وہ طلبہ و طالبات سے بہت محبت رکھتے تھے اور ان کی رہنمائی کے لیے ہر وقت موجود رہتے تھے۔ قاضی حسین احمد اس دنیا سے چلے گئے مگر ان کی للکار آج بھی کفر کے ایوانوں میں لرزہ طاری کیے ہوئے ہے ۔