کراچی ( اسٹاف رپورٹر )کراچی کے تاجر اور برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کے صدر فراز خان کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کے مقدمے میں میئر کراچی کے ترجمان سمیت 3 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز شاہراہ فیصل پر نر سری کے قریب 2 موٹر سائیکل سوار 4 ملزمان نے تاجر اور برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کے صدر فرازخان کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا۔ٹیپو سلطان تھانے میں برنس روڈ کے تاجر فراز خان نے مقدمہ نمبر 6/25درج کروادیا۔تاہم تاجر فراز خان نے ٹیپو سلطان تھانے میں فائرنگ کا مقدمہ درج کراتے ہوئے میئر کراچی کے کوآرڈی نیٹر کرم اللہ سمیت 3 ملزمان کو اپنے بیان میں نامزد کیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ فراز خان پر قریب سے فائرنگ کی گئی ، ایک حملہ آورنے موٹرسائیکل سے اترکرڈرائیونگ سائڈسے فرازخان کو نشانہ بنایا جبکہ حملہ آورکا دوسرا ساتھی موٹر سائیکل گاڑی کے سامنے سے گھما کر واپس لایا۔ فائرنگ کے بعد موٹرسائیکل سوار دونوں حملہ آور با آسانی فرار ہو گئے، ٹیپو سلطان پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں تیز کردیں ہیں فائرنگ سے زخمی فراز خان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔تاہم پولیس کی جانب سے اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ پولیس کو دیے گئے بیان میں تاجر نے بتایا کہ میں اپنی کار میں سوار ہو کر برنس روڈ سے اپنے گھر پی ای سی ایچ ایس جارہا تھا کہ شاہراہ فیصل پر نرسری کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر 4 ملزمان نے مجھ پر فائرنگ کی،ایک گولی دائیں گال پر لگی اور گردن سے پار ہوگئی جب کہ دوسری گولی میری گاڑی پر لگی۔تاجر کے مطابق مجھ پر حملہ کروانے والوں میں میرا پارٹنرکرم اللہ، مظہراور منصو ر شاہ شامل ہیں، انہوں نے مجھ سے 9کروڑ 87لاکھ کی رقم روڈ پیچنگ اور گارڈن کی صفائی کے ٹھیکوں کیلئے مختلف اوقات میں لی تھی میں نے اپنی رقم واپس مانگی تو انہوں نے مجھے اسلام آباد سے بلوایا اور یہاں آنے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی اور کہا کہ پیسے بھول جاؤ ورنہ جان سے جاؤگے۔