اسلام آباد (صباح نیوز) عدالت عظمیٰ پاکستان کے آئینی بینچ نے اسکولوں میں قرآن مجیداور اسلامیات کی تعلیم دینے سے متعلق دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے درخواست باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے آفس کو نمبر لگانے کی ہدایت کردی۔ بینچ نے اٹارنی جنرل پاکستان اور تمام صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا جبکہ جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے ہیں کہ انگلش، اردو، عربی اور صوبوں کی اپنی زبانیں بھی ہیں کتنی زبانوں میں ترجمہ پڑھائیں گے جبکہ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے ہیں کہ آئین کا آرٹیکل 31 پالیسی کے حوالے سے ہے عدالت کیسے اس میں مداخلت کرسکتی ہے؟ پارلیمنٹ پالیسی بنانے اور اس کے نفاذ کے حوالے سے بااختیار ہے، ہم نے پالیسی معاملات کی ڈومین کو دیکھنا ہے، کیسے آئین کے آرٹیکل 184-3 کے تحت عدالت عظمیٰ پالیسی کے نفاذ کا کام سرانجام دے۔