راولپنڈی (صباح نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ہمارے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں، نہ کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں، جو کمیٹی بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بنائی ہے، وہی مذاکرات کر رہی ہے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے2 اجلاس ہوچکے ہیں‘ مذاکرات کے تیسرے راؤنڈ سے پہلے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنی ضروری ہے، ہم نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو بھی بتایا تھا، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امید تھی پیر کو ملاقات ہوگی لیکن ابھی تک کوئی کنفرمیشن نہیں، امید ہے آج ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوجائے گی، بشریٰ بی بی مذاکراتی سلسلے میں بلکل شامل نہیں، کسی نے غلط خبر دی ہے کہ بشریٰ بی بی کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات چل رہے ہیں‘ ہمارے 2 ہی مطالبات ہیں‘ اسیران کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن کا قیام، بانی پی ٹی آئی نے ان 2 مطالبات کے لیے ٹائم فریم دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضع کہا ہے 190 ملین پائونڈ کا فیصلہ آنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی نے القادر کیس میں کوئی ذاتی فوائد حاصل نہیں کیے ہیں‘ گواہوں نے بھی عدالت میں بتایا ہے بانی پی ٹی آئی کا براہ راست کوئی لین دین نہیں تھا، امید ہے القادر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی بری ہوں گے۔