پشاور(آن لائن+مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ کْرم کے وفود کو امن کا راستہ بتایا تو اگلے دن فسادات شروع ہو گے۔پشاور کے نشتر ہال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کی جمہوریت اور پارلیمانی سیاست پر ہزاروں سوال اٹھ رہے ہیں، ہمیں پیغام دیا جاتا ہے کہ آپ کون ہوتے ہیں کْرم مسئلے کو ٹھنڈا کرنے والے؟ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بھی فارم 47 کی حکومت ہے، ہم مقامی لوگ ہیں، ہمیں پتا ہے کہ کرم کا مسئلہ کیسے حل ہوگا،کب تک آپ معاشرے کو غلط فہمی کا شکار کرتے رہیں گے، میرے پاس بھی دونوں فریقین کی طرف سے وفود آئے تھے، 2روز قبل ایک سفیر میرے پاس آئے انہوں نے بہت سی باتوں میں کْرم کا ذکر بھی کیا، میں نے کہا کہ آپ یہ سننا چاہتے ہیں کہ یہ شیعہ سنی فساد ہے، ہمیں پتا ہے کہ مسئلہ کا حل کیا ہوسکتا ہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ 2 ہفتوں سے میری سرگرمیاں معطل تھیں، آج سے دوبارہ مصروفیات کا آغاز کر رہا ہوں، پاکستان کو اسلامی ریاست بنانے میں ہمارے اکابرین کا پارلیمانی کردار رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ حالات بدلتے رہتے ہیں، ہمیں حالات کے مطابق چلنا پڑتا ہے۔