سابق چیف جسٹس نے ایک بار پھر فوجی عدالتوں میں سویلین کا ٹرائل روکنے کی درخواست دائر کردی

122

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ نے 26ویں ترمیم کے فیصلے تک فوجی عدالتوں میں سزاؤں کے خلاف اپیلیں روکنے کی استدعا کردی ساتھ ہی گزشتہ درخواست پر عاید جرمانے کے خلاف نظرثانی بھی دائر کردی۔ تفصیلات کے مطابق فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائلز کالعدم قرار دینے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت ہوئی۔ سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ نے جرمانے کے حکم پر نظرثانی کی درخواست دائر کر دی۔ آئینی بینچ نے جواد ایس خواجہ پر 20 ہزار روپے جرمانہ عاید کیا تھا۔ جسٹس (ر) جواد ایس خواجہ نے دوبارہ ملٹری کورٹس اپیلوں پر سماعت موخر کرنے کی استدعا کردی اور کہا کہ 26ویں ترمیم کے فیصلے تک اپیلوں پر کارروائی مؤخر کی جائے، میری درخواست کو غیر ضروری قرار دینے کی آبزرویشن بھی حذف کی جائے۔ قبل ازیں جواد ایس خواجہ نے 26ویں ترمیم کے فیصلے تک آئینی بینچ کے قیام پر سوال اٹھاتے ہوئے فوجی عدالتوں میں زیر سماعت سویلین کا ٹرائل روکنے کی درخواست دائر کی تھی۔