لاہور( نمائندہ جسارت )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بہاالدین زکریا یونیورسٹی میں ہونہارا سکالرشپ کی تقریب میں ہونہارا سکالر شپ کو 100 ارب تک بڑھانے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اگلے سال سے مزید 20 ہزار ہونہارا سکالر شپ بڑھانے، نوجوانوں کے لئے نئے بزنس اورا سٹارٹ اپس کے لئے 3 کڑور روپے تک بلا سود قرض دینے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے طلبہ کو اگلے سال سے ایک لاکھ ای بائیکس دینے،پنجاب کی یونیورسٹیوں اور کالجز میں ای بائیکس چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ہونہار اسکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ نوجوانوں کا ہاتھ پکڑ لیں تو پاکستان کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کریں گے۔ چین میں کمسن بچوں کو آر ٹی فیشل انٹیلی جنس سیکھتے دیکھ لر حیرت ہوئی۔ ہم اپنے بچوں کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس، روبوٹک اور دیگر جدید آئی ٹی کے علوم سکھائیں گے۔ نوجوانوں کیلئے بہت سے مارکیٹ بیسڈ ٹریننگ پروگرام بھی شروع کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو لون دیں گے تاکہ پڑھ لکھ کر والدین پر بوجھ نہ بنیں۔ ٹرانسپورٹ کلچر کو ای وہیکل کی طرف منتقل کر رہے ہیں تاکہ پنجاب کے لوگ صاف ستھری فضا میں سانس لے سکیں‘ بچیوں کو آمد و رفت کے لئے بسیں دے رہے ہیں۔ بچیوں کو ساٹھ فیصد ہونہار سکالرشپ ملنا بے حد خوشی کی بات ہے۔ ایڈمیشن لینا بچوں کا کام، فیس ادا کرنا میری ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ بہت جلد بچوں کے لئے لیپ ٹاپ بھی لا رہی ہوں اورلیپ ٹاپ کی پہلی کھیپ آ چکی ہے۔ نوجوانوں کو انکی خواہش کے مطابق انٹر نیشنل سکالر شپ بھی دیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ آگ لگانے، گولی چلوانے، پولیس پر تشدد کرانے والے نوجوانوں کے دوست نہیں ہو سکتے۔