کراچی (اسپورٹس ڈیسک) مسلم یوتھ لیگ اور پیغام پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے 15روزہ ’’گل زمین فٹبال کپ‘‘ کا ککری گرائونڈ لیاری میں افتتاح کردیا گیا۔ افتتاح میچ کھیل کر کیا گیا۔ اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا عظیم سرمایہ ہیں جنہیں کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیا جاسکتا۔ مرکزی مسلم لیگ تعلیمی اداروں سے لے کر اسکلز ڈیولپمنٹ تک نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہی ہے، اب کھیلوں کے میدانوں میں بھی نوجوانوں کے صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ہر ممکن معاونت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان جرائم اور خودکشیوں پر مجبور ہیں، جس کی بنیادی وجہ نوجوان مہنگائی بے روزگاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’گل زمین فٹ بال کپ‘‘ کا مقصد نئے ابھرنے والے فٹ بالرز کو آگے بڑھانا ہے۔ لیاری سے بڑی تعداد میں نوجوانوں نے پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کیا۔ مسلم لیگ یوتھ کراچی کے صدر انجینئر خضر خان نے کہا کہ فٹبال ٹورنامنٹ کراچی کا مستقبل سنوارے گا۔ انجینئر خضر خان نے کہا کہ صحت مند ماحول کی تشکیل کے لیے کھیلوں کو فروغ دینا چاہیے۔ آئوٹ ڈور گیمز کی افادیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ایم ایل وائے اور پیغام پاکستان کے اشتراک سے جاری 15روزہ ’’گل زمین فٹ بال کپ‘‘ میں 100 سے زائد میچز میں 96 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، مجموعی طور پر 1000 سے زائد فٹ بالر کھیلیں گے۔