کراچی (اسپورٹس ڈیسک)ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام ماسٹر آئل لبریکینٹ کے تعاون سے جاری ماسٹر آئل انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز مزید چار میچز کا فیصلہ ہوگیا۔ پہلے میچ میں آغا خان جمخانہ نے سرجانی اسپورٹس کو 139 رنز سے شکست دے دی۔ آغا خان جمخانہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے۔ میر افضل بیگ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 14 چوکوں 4 چھکوں کی مدد سے 151 ، سعود اسلام نے 9چوکوں ایک چھکے کی مدد سے 84، وقار جوہر نے 35 رنز بنائے۔ حسن جاوید نے 3 اور معاذ علی نے 2 وکٹ لیے۔ جواب میں سرجانی اسپورٹس 200 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ معاذ علی نے 57، حسن جاوید نے 28 رنز بنائے۔ جاوید منصور، محمد ایاز، حامد علی اور عدیل رحمت نے 2-2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ دوسرے میچ میں محمد حسین کرکٹ کلب نے میمن جمخانہ کو 92 رنز سے ہرا دیا۔ محمد حسین کرکٹ کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔ ٹیسٹ کرکٹر سہیل خان نے 5 چوکوں 2 چھکوں کی مدد سے 60، عارف خان نے 7 چوکوں 2 چھکوں کی مدد سے 55، خان شاہ خان نے 34 رنز بنائے۔ محمد رضا نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں میمن جمخانہ 140 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ ذاکر رحمان نے 41، فیصل نے 37 رنز بنائے۔ نوید احمد نے 43 رنز دیکر 4 اور یاسر حسین نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ تیسرے میچ میں اسٹیل ٹائون جمخانہ نے آصف آباد اسپورٹس کو 21 رنز سے ہرا دیا۔ اسٹیل ٹاون جمخانہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 204 رنز بنائے۔ نوید انجم نے 11 چوکوں 3 چھکوں کی مدد سے 89، ذیشان یونس نے 41 نے 41 رنز بنائے۔ ولی خان اور سمیع اللہ نے 3-3 عبدل حامد نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔جواب میں آصف آباد اسپورٹس 183 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔