کراچی(کامرس رپورٹر)پرافٹ ٹیکنگ کی خاطر حصص کی فروخت کی وجہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کو کاروبار کے دوران اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کا رجحان رہا کے ایس ای 100انڈیکس 1300پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ 1لاکھ17ہزار کی نفسیاتی حد گنوابیٹھی اور انڈیکس1لاکھ16ہزار 200 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے30ارب روپے سے زاید ڈوب گئے جبکہ 63.53فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔پیرکومارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، ایک موقع پر ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک انڈیکس 1 لاکھ 18 ہزار 765 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر جاپہنچاتھا تاہم جلد ہی مارکیٹ میں فروخت کا رجحان غالب آگیا۔ کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز اور بجلی کی پیداوار سمیت اہم شعبوں میں فروخت کا دباؤ دیکھا گیا جس نے 100 انڈیکس کو 115,941 کی کم ترین سطح پر پہنچا دیا۔ بروکریج ہاوسزکے مطابق قیمتوں کی کمی پر سرمایہ کاری کرنے کا اچھا موقع ہے،کیونکہ اگر قیمتوں کے تعین کا نظم و ضبط برقرار رہا تو یہ شعبہ اگلے چھ ماہ میں دفاعی شعبوں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتا ہے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیرکو کے ایس ای 100انڈیکس میں 1331پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 1لاکھ17ہزار586 پوائنٹس سے کم ہو کر 1لاکھ16ہزار255پوائنٹس ہوگیا اسی طرح 461پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس 36ہزار603پوائنٹس پربند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 72 ہزار 843پوائنٹس سے کم ہو کر 71ہزار973 پوائنٹس پر آگیا۔کاروباری مندی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 30ارب 27کروڑ17لاکھ 29ہزار 291روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم14633 ارب1کروڑ 41 لاکھ44 ہزار535روپیسے کم ہو کر14562 ارب74 کروڑ24لاکھ15 ہزار244روپے رہ گیا۔