دی ماڈرن اسپتال کے زیراہتمام مفت میڈیکل کیمپ

71

کراچی (پ ر) دی ماڈرن اسپتال گلشن اقبال کے زیر اہتمام ’’مفت میڈیکل کیمپ‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایک روز کے دوران 328 مریضوں کا مفت چیک اپ جبکہ 30 سے زائد مریضوں کے ایکسرے اور 275 مریضوں کے لیبارٹری ٹیسٹ کیے گئے۔ ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ میں ماہرین طب نے صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک بغیر کسی وقفے کے مریضوں کا مفت علاج و معالجہ کیا اور انہیں مفت ادویات فراہم کیں۔ کیمپ میں جنرل فزیشن، یلمونولوجسٹ، گائناکالوجسٹ، آرتھو پیڈک، یورولوجسٹ، ڈرماٹولوجسٹ، جنرل سرجن، نیورو سرجن، نیفرولوجسٹ، ای این ٹی سرجن سائکاٹرسٹ، سائیکولوجسٹ، کارڈیالوجسٹ، پیڈیاٹریشن سمیت کئی دیگر امراض کے ماہرین ڈاکٹرز موجود تھے۔ جنہوں نے مریضوں کا مفت چیک اپ کیا اور انہیں طبی مشورے دیے۔ کیمپ میں کولیسٹرول، یوریک ایسڈ، آر بی ایس، بی ایم آئی اور بلڈپریشر کے مریضوں کو مفت سروس دی گئی۔۔ اس موقع پر منتظمین دی ماڈرن اسپتال کا کہنا تھاکہ مفت طبی سہولیات نہ صرف کراچی بلکہ پورے صوبے میں فراہم کی جارہی ہیں۔ ہمارا مقصد موجودہ حالات میں عوام کو کم از کم مفت طبی سہولیات میسر آنی چاہئیں۔ اور انسانیت کے ناطے یہ ہمارا اولین فریضہ بھی ہے۔