کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ڈاکو فارم ہائوس سے لاکھوں روپے مالیت کی گائے اور مرغیاں ٹرکوں میں ڈال کر فرار ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق میمن گوٹھ ڈملوٹی کے مقام پر پراچہ فارم ہاؤس پر رات گئے ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا جس سے متعلق تاجر کا کہنا ہے کہ ملزمان نے چوکیدار اور دیگر لوگوں کو یرغمال بنا کر کمرے میں بند کیا گیا ، اتوار اور پیر کی درمیانی شب رات 1 بجے ملزمان نے دھاوا بولا اور 2 گھنٹے تک واردات کرتے رہے۔ تاجر عدنان پراچہ کا کہنا ہے کہ ڈاکو جانور اور مرغیاں ٹرکوں میں ڈال کر فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی حاصل نہیں ہو سکی تاہم ڈاکوؤں کے روٹس پر لگے کیمرے کی فوٹیچ حاصل کررہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ جیوفنسنگ اور دیگر پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے جب کہ شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں اور پوچھ گچھ کا عمل جاری ہے۔