بنگلادیش :جبری گمشدگیوں کے الزام میں حسینہ واجد کے دوسری وارنٹ گرفتاری جاری

113

ڈھاکا (آن لائن)بنگلا دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے خود ساختہ جلاوطن سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی گرفتاری کے لیے ایک اور وارنٹ جاری کردیے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق شیخ حسینہ کی گرفتاری کا دوسرا وارنٹ شہریوں کے لاپتا ہونے میں ان کے ملوث ہونے کے الزامات پر جاری کیا گیا ہے۔ملک سطح پر قائم انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی) کے چیف پراسیکیوٹر تاج الاسلام نے کہا کہ دوسرا وارنٹ ان کے دور حکومت میں جبری گمشدگیوں سے متعلق ہے۔رپورٹ کے مطابق بنگلا دیشی سیکورٹی اہلکاروں نے مبینہ طور پر
500 سے زاید افراد کو اغوا کیا تھا جن میں سے کچھ کو کئی برس خفیہ جیلوں میں رکھا گیا۔حسینہ واجد کی برطرفی کے بعد سے متاثرین نے اپنے اوپر جانے والی سختیوں کے دردناک واقعات سنائے۔تاج الاسلام نے صحافیوں کو بتایا ٹریبونل نے شیخ حسینہ، ان کے فوجی مشیر، فوجیوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں سمیت 11 دیگر افراد کے خلاف وارنٹ جاری کیے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بنگلا دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے حکومت مخالف مظاہرین کو قتل اور تشدد کے الزامات پر شیخ حسینہ کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کیے تھے۔سابق وزیراعظم حسینہ واجد اورعوامی لیگ پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف قتل، تشدد اور جبری گمشدگی کے60 سے زیادہ مقدمات درج ہیں۔ان شکایات پر انٹرنیشنل کرائم ٹریبونل نے سماعت کا آغاز کیا تھا اور آج پراسیکیوٹر کے دلائل مکمل ہونے پر شیخ حسینہ واجد کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ برطانوی خبررساں ادارے کے بقول وارنٹِ گرفتاری جاری ہونے پر عوامی لیگ کے رہنما فوری طور پر تبصرہ کے لیے دستیاب نہیں تھے کیونکہ اکثر سینئر رہنما یا تو گرفتار یا پھر روپوش ہیں۔
حسینہ واجد