اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنانے کا حکم دے دیا۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اپنی زیر صدارت ملک میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف لیے گئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے دوران شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف لیے گئے حالیہ اقدامات پر ایف آئی اے کو سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ انسانی اسمگلروں کے سہولت کار سرکاری افسران کے خلاف حالیہ تادیبی کارروائیوں کا آغاز خوش آئند ہے، سہولت کاروں کے خلاف
تادیبی کاروائی کے بعد سخت تعزیری اقدامات بھی لیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلروں کی جایدادیں اور اثاثے ضبط کرنے کے لیے فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، اس مکروہ دھندے میں ملوث تمام افراد کے خلاف استغاثہ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے، استغاثہ کے لیے وزارت قانون و انصاف سے مشاورت کے بعد اعلیٰ ترین درجے کے وکلا تعینات کیے جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دفتر خارجہ بیرون ملک سے انسانی اسمگلنگ کا دھندہ چلانے والے پاکستانیوں کے لیے متعلقہ ممالک سے رابطہ کرے اور ان کی پاکستان حوالگی کے حوالے سے جلد از جلد اقدامات اٹھائے، وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت داخلہ کے تعاون سے عوام میں بیرون ملک نوکریوں کے لیے صرف قانونی راستے اختیار کرنے کی، آگاہی مہم چلائے۔شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں ایسیٹیکنیکل ٹریننگ اداروں کی ترویج کی جائے جو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق سرٹیفائیڈ پیشہ ور افراد بیرون ملک مارکیٹ کو فراہم کرسکیں ، ہوائی اڈوں پر بیرون ملک جانے والے افراد کی اسکریننگ کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے۔اجلاس میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان انجینیئر امیر مقام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔