لوئر کرم میں مندروی کے مقام پر دھرنا جاری،ٹل،پارا چنار روڈ بند،قافلے روانہ نہ ہوسکے

105

کرم(مانیٹرنگ ڈیسک)لوئر کرم میں مندروی کے مقام پر دھرنا جاری ہے جس کے باعث ٹل پاراچنار روڈ بند ہے۔لوئر کرم میں مندروی کے مقام پر دھرنا جاری ہے اور جرگہ ارکان دھرنے میں پہنچے اور حکومتی پیغام پہنچایا۔دھرنا منتظمین نے کہا ہے کہ جرگہ اراکین نے ٹل پاراچنار روڈ کھولنے کی گزارش کی ہے۔دھرنا منتظمین نے
اعلان کیا کہ اپیکس کمیٹی اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد تک دھرناجاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ کرم کو اسلحہ سے پاک اور بگن متاثرین کو معاوضہ ملنے تک دھرنا جاری رہے گا۔دوسری جانب کرم کے متاثرہ علاقوں میں ٹل ہنگو سے آج بھی قافلہ روانہ نہ ہوسکا۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ قافلہ گزرنے کی صورت میں چھپری چیک پوسٹ سے تری منگل تک کرفیو رہے گا ، شہری اورقبائلی باشندے غیرضروری سڑک پر موجود رہنے سے گریز کریں۔2 روز قبل بگن میں ڈپٹی کمشنرپرحملے کے بعد قافلے کی روانگی ملتوی کردی گئی تھی۔اْدھر ڈرائیوروں نے بھی کہا ہے کہ سخت سردی میں مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیور اجازت ملنے کے منتظر ہیں جبکہ قافلے میں شریک 80گاڑیوں میں سبزی، پھل اور دیگرضروری سامان موجود ہے جو خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ادھر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کرم پر حملہ کے بعد کیے گئے اہم فیصلوں پر من و عن عمل درآمد کیا جائے گا، آج ہی سے تمام فیصلوں پر عمل درآمد کا آغاز ہوچکا ہے،ڈپٹی کمشنر پر حملہ کرنے والوں کو جلد گرفتار کرکے قانون کے شکنجے میں لائیں گے اور امن دشمن تمام کرداروں کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
کرم