ای سی سی نے پولیول مرکب کی درآمد پر پابندی عایدکردی

50

اسلام آباد(آن لائن)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے پولیول مرکب کی درآمد پر پابندی عائدکردی ہے جبکہ دفاع، اطلاعات، صنعت وپیداوار اورقومی تعلیم کی وزارتوں کیلئے اربوں روپے کی گرانٹس کی منظوری دیدی ہے ۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں
موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے پولیول مرکب کی درآمد پر پابندی عائدکی گئی ، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پابندی کی منظوری دیدی۔اجلاس کے بعدجاری اعلامیہ کے مطابق پابندی کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا ۔اجلاس میں وزارت دفاع کے لیے 1.9 ارب روپے سے زیادہ کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظورکی گئی ۔نیشنل کمیشن فار سٹیٹس آف ویمن کے لیے پانچ ارب 27 کروڑ روپے سے زیادہ کی تکنیکی ضمنی گرانٹ‘وزارت اطلاعت و نشریات کے لیے دو ارب 46 کروڑ روپے سے زیادہ کی ضمنی گرانٹ‘وزارت اطلاعات کیلئے مزید 12 کروڑ روپے کی گرانٹ‘وزارت صنعت و پیداوار کے لیے ایک ارب 67 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظورکی گئی ۔اجلاس یں یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے رقم 30 جون 2024 سے 18 اگست 2024 کے اخراجات کیلئے منظور کی گئی، وزارت قومی تعلیم کیلئے 1.5 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ، وزارت داخلہ کیلئے 65 کروڑ روپے سے زیادہ کی تکنیکی ضمنی گرانٹ اوروزارت داخلہ کیلئے سیف سٹی منصوبے کیلئے 1 ارب 70 کروڑ روپے سے زیادہ کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔