جاپان میں 280 کلو وزنی مچھلی 36 کروڑ سے زائد میں نیلام

193

ٹوکیو:جاپانی دارالحکومت میں واقع ٹویوسو مچھلی بازار میں 280 کلو وزنی ایک مچھلی جسے ٹُونا فش کہا جاتا ہے کو 36 کروڑ 89 لاکھ پاکستانی روپے (13 لاکھ 23 ہزار ڈالر) میں نیلام کردی گئی۔ یہ مچھلی ایک موٹر بائیک کے سائز کے برابر بتائی گئی ہے۔

نیلامی میں سب سے زیادہ بولی اونوڈیرا گروپ اور یامایوکی ہول سیلرز نے دی، جو مشہور میشلن اسٹارڈ سوشی ریسٹورانٹس کے مالک ہیں۔ انہوں نے 20 کروڑ 7 لاکھ جاپانی ین کی قیمت پر یہ مچھلی خریدی، جو نئے سال کی پہلی نیلامی میں دوسری سب سے بڑی قیمت قرار پائی۔

یہ مسلسل پانچواں سال ہے جب اونوڈیرا گروپ اور یامایوکی نے سب سے بڑی بولی جیتی ہے۔ گروپ نے اعلان کیا کہ اس قیمتی ٹونا کو جاپان بھر کے اپنے ریسٹورنٹس میں مہمانوں کے لیے پیش کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ 2019 میں ریسٹورنٹ کے مالک کیوشی کِمورا نے 278 کلوگرام بلیو فن ٹُونا کے لیے سب سے زیادہ قیمت ادا کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اس وقت انہوں نے نیلامی میں333.6 ملین جاپانی ین ادا کیے تھے۔

بلیو فن ٹُونا مچھلی اپنے اعلیٰ معیار اور ذائقے کی وجہ سے دنیا بھر میں خاصی مشہور ہے اور جاپانی فش مارکیٹ میں اس کی نیلامی کو ایک اہم موقع کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔